Get Alerts

علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری، گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری، گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے تیسری بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان کو گرفتار کر کے 24 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے علیمہ خان کے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا بھی حکم دیا اور اس بار سٹی پولیس آفیسر کو وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ساتھ علیمہ خان کے ضامن، محمد شریف، کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا، کیونکہ انہوں نے ایک لاکھ روپے کی ضمانت دی تھی۔

علیمہ خان کے روپوش ہونے کے حوالے سے پولیس کی رپورٹ پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ جعلی ہے۔ عدالت نے ایس پی راول، محمد سعد، اور ڈی ایس پی وارث خان کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے اور دونوں افسران کو 24 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ اگر علیمہ خان روپوش ہیں تو پھر ان کی میڈیا میں موجودگی کیسے ممکن ہے؟

اس کے علاوہ عدالت نے چار گاڑیوں کے 85 لاکھ روپے کے شورٹی بانڈز ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔ مقدمے کی مزید سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔ 

ٹیگز: