سرگودھا: یونیورسٹی آف سرگودھا میں ایپ سپ کے زیر اہتمام منعقدہ آگاہی سیشن "2030 کا پاکستان، چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں" سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایپ سپ،پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے ملک کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے میاں عامر محمود کو ملک کے حقیقی ہمدرد قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا جنہوں نے ملک کو 400 کالجز اور 3 خوبصورت یونیورسٹیاں فراہم کیں۔ انہوں نے کہا، "وہی زندہ قومیں کہلاتی ہیں جو اپنے ہیروز کو یاد رکھتی ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تقریباً 80 سال ہو چکے ہیں اور ہمیں اس نظام کا جائزہ لینا ہوگا کہ اس دوران ملک کو کیا ملا ہے۔ "ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ہمارا ہر ادارہ کیوں ناکام ہے، چاہے وہ صحت کا نظام ہو، تعلیم کا شعبہ ہو یا انصاف کا نظام۔ پولیس کا نظام بھی فیل ہے اور اسے درست کرنا ہوگا۔"
پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا کہ دنیا اور آخرت کی کامیابی نبی پاک ﷺ کے طریقے پر عمل کرنے میں ہے اور ہر فرد کی بہتری سے معاشرے کی بنیاد مضبوط ہوتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "اگر آپ مل کر فیصلہ کرلیں تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔"
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے 60 فیصد سے زائد افراد نوجوان ہیں اور یہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے، جسے استعمال کرکے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ چودھری عبدالرحمان نے سرگودھا کو مستقبل میں صوبہ بنانے کے خواب کا بھی ذکر کیا۔