لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں گندم کی فصل کی خریداری اور کاشتکاری کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں محکمہ زراعت نے گندم کی کاشتکاری کی تفصیلی بریفنگ پیش کی اور آئندہ سال کے لیے گندم خریداری کا جامع پلان تیار کر لیا گیا۔
وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے بتایا کہ حکومت پنجاب اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان گندم کی خریداری کے معاہدے پر اتفاق ہوا ہے، جس کے تحت کاشتکاروں سے گندم ساڑھے 3 ہزار روپے فی من کے حساب سے خریدی جائے گی۔
مزید برآں، وزیر زراعت کے سیڈ کمپنیوں سے کامیاب مذاکرات کے بعد پنجاب میں گندم کے بیج کی قیمت ساڑھے 6 ہزار روپے فی بیگ سے کم کر کے ساڑھے 5 ہزار روپے فی بیگ کر دی گئی ہے، جو کاشتکاروں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگی۔