کناٹکا :بھارت کی ریاست کرناٹکا میں مقبول رئیلٹی شو ’’بگ باس کناڈا سیزن 12‘‘ کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کے باعث اچانک بند کر دیا گیا ہے۔ کرناٹکا اسٹیٹ پولوشن کنٹرول بورڈ (KSPCB) کی کارروائی کے تحت شو کے اسٹوڈیو کو سیل کر دیا گیا اور تمام شرکا کو فوری طور پر گھر خالی کرنے کا حکم دیا گیا۔
سٹیٹ پولوشن کنٹرول بورڈ نے بتایا کہ سٹوڈیو نے ضروری اجازت نامے حاصل کیے بغیر کام کیا اور ماحولیات کے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی۔ بورڈ نے تمام سرگرمیاں فوراً بند کرنے، بجلی کا کنکشن منقطع کرنے اور شو کے اسٹوڈیو کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ نوٹس کے بعد انتظامیہ نے تمام شرکا کو فوری طور پر گھر چھوڑنے کا کہا۔
شو کے شرکا کو سیکیورٹی کے ساتھ ایگلٹن ریزورٹ منتقل کر دیا گیا تاکہ ان کا قیام ممکن بنایا جا سکے۔ اس اچانک بندش کے نتیجے میں تقریباً سات سو سے زائد افراد، جن میں ٹیکنیکل عملہ، لائٹنگ اسٹاف، کیمرہ آپریٹرز اور دیگر شامل ہیں، کو کام چھوڑنا پڑا۔
یہ شو اداکار کچا سدیپ کے وژن کے تحت بنایا گیا تھا اور تقریباً پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے محل نما شاندار سیٹ پر پیش کیا جا رہا تھا۔ شو کا آغاز محض چند ہفتے قبل بڑے جوش و جذبے سے ہوا تھا۔
ریاستی وزیر ماحولیات و جنگلات نے تصدیق کی کہ انتظامیہ کو متعدد بار ماحولیاتی اصولوں کی پابندی کی ہدایت دی گئی، مگر ان کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے بارہا کہا کہ قوانین کی پابندی لازمی ہے لیکن انتظامیہ نے جان بوجھ کر ان کو نظر انداز کیا۔‘‘
معائنے کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ جولی ووڈ اسٹوڈیوز سے گندے پانی کو بغیر صفائی کے باہر چھوڑا جا رہا تھا، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ غیر فعال تھا، کچرے کی درجہ بندی ناقص تھی، اور دو بڑے ڈیزل جنریٹر مسلسل چل رہے تھے جس سے ماحول میں شدید آلودگی پھیل رہی تھی۔
’’بگ باس کناڈا سیزن 12‘‘ کو اس کا سب سے بڑا اور شاندار سیزن سمجھا جا رہا تھا، تاہم اس اچانک بندش نے نہ صرف مداحوں کو مایوس کیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی بحث چھڑ گئی ہے۔ منتظمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر چاہیں تو اس فیصلے کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا سکتے ہیں۔