پنجاب یونیورسٹی بی اے بی ایس سی رزلٹ 2017،طالبات نے میدان مار لیا

پنجاب یونیورسٹی بی اے بی ایس سی رزلٹ 2017،طالبات نے میدان مار لیا

لاہور: پنجاب یونیورسٹی کے زیراہتمام بی اے/ بی ایس سی سالانہ2017ء کے امتحانات میں بی ایس سی کی صدف زاہد رول نمبر12476 نے681 نمبر حاصل کر کے اوور آل ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ بی ایس سی میں دو طالبات انیلہ یاسمین رول نمبر19413اور ملیحہ انور رول نمبر17995 نے 673 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی اور بی ایس سی کی طالبہ اسما لطیف رول نمبر6505 نے 668 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اسی طرح نگین فاطمہ رول نمبر22738نے 681 نمبر لے کر بی اے میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن طالبہ اسما افضل رول نمبر16004 نے657 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی اورمقدس اعجاز رول نمبر35247 نے651نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بی اے/ بی ایس سی سالانہ امتحانات2017ء میںکل2,29,401 امیدواروں نے شرکت کی جس میں سے87926امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 38.32فیصد رہابی اے/ بی ایس سی سالانہ امتحانات 2017ء پارٹ ون میں کل 1,33,892 امیدواروں نے شرکت کی جس میں سے 48633 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 36.32فیصد رہا۔ بی اے/ بی ایس سی سالانہ امتحانات 2017ء پارٹ ٹو میں کل 75376 امیدواروں نے شرکت کی جس میں سے 33154 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 43.98 فیصد رہا۔

بی اے/ بی ایس سی سالانہ امتحانات 2017ء (کمپوزٹ) میں کل 20,133 امیدواروں نے شرکت کی جس میں سے 6139 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 30.49 فیصد رہا۔ پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے بی اے (سماعت سے محروم طلبہ کے) سالانہ امتحان 2017ء کے امتحانی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلی نتائج پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں الرازی ہال میں منعقدہ تقریب میں اعلان کیا پنجاب یونیورسٹی سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے بی ٹی کاٹن بیج کی تین نئی اقسام دریافت کی ہیں جو بیماریوں، وائرس کے خلاف مزاحمت کرنے کے ساتھ پانی کی کمی کو برداشت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی ٹی کاٹن بیج ملک میں دریافت ہونے والی پہلی جدید جینیاتی بیج ہیں جو بیماریوں اور وائرس کے خلاف سخت مزاحمت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان اقسام کومالیکیولر جنیٹک انجینئرنگ اور ڈی این اے کلوننگ کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا آٹھ بین الاقوامی کمپنیوں نے ان اقسام کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا بیجوں جن میں CEMB-33, CEMB-Klean Cotton and CA-12 شامل ہیں کی دریافت پنجاب یونیورسٹی کے سائنسدانوں بشمول ڈاکٹر طیب حسنین، ڈاکٹر ادریس ناصر، ڈاکٹر علی شاہد ، ڈاکٹر کوثر ملک، ڈاکٹر بشریٰ راشد اور ڈاکٹر عبدالقیوم کی مشرکہ کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بیجوںکو پاکستانی زراعت میں استعمال کرنے کیلئے مارکیٹنگ کے ذریعے کمرشلائز کیا جائے گا جس سے نہ صرف ملکی معیشت میں 144 بلین کا اضافہ ہو گا بلکہ پنجاب یونیورسٹی کو بھی آمدن حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا پوزیشن ہولڈر طالبات کو پنجاب یونیورسٹی میں داخلہ لینے پر 75ہزار روپے پیف سکالرشپ کی مد میں دیئے جائیں گے۔ بعدازاں وائس چانسلر نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں ایک لاکھ روپے، 75ہزار روپے اور 65 ہزار روپے بطورنقد انعام تقسیم کئے۔

کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا پنجاب یونیورسٹی نے بی اے/ بی ایس سی کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے اور کئی عرصے بعد بیچلر اور ماسٹرز لیول کے نصاب تعلیم کو دوبارہ مرتب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی اے/ بی ایس سی سالانہ 2017ء میں پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ کا سب سے بڑا امتحان منعقد ہوا جس میں 229,401 امیدواروں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بی اے، بی ایس سی کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا اپنی محنت کے ذریعے پوزیشنیں حاصل کرنیوالوں نے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ محنت، محنت اور صرف محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔