شام : روسی فضائی حملے میں داعش کے وزیر جنگ سمیت متعدداہم کمانڈرہلاک

شام : روسی فضائی حملے میں داعش کے وزیر جنگ سمیت متعدداہم کمانڈرہلاک

ما سکو:روس نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں اس کے ایک فضائی حملے میں داعش کے وزیر جنگ سمیت متعدد سرکردہ کمانڈر مارے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے جمعہ کو اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ روسی فضائیہ نے مشرقی شہر دیر الزور میں داعش کی ایک کمان پوسٹ اور ایک موا صلاتی مرکز پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں داعش کے کم سے کم چالیس جنگجو مارے گئے ہیں۔
وزارت دفاع کے مطابق فضائی حملے میں داعش کے چار سرکردہ کمانڈروں کی ہلاکت کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔ان میں دیر الزور کا امیر ابو محمد الشمالی بھی شامل ہے۔
داعش کے وزیر جنگ کا نام گل مرد خلیموف بتایا گیا ہے اور وہ تاجکستان کا رہنے والا ہے۔وہ ماضی میں تاجکستان کی وزارتِ داخلہ کی خصوصی فورسز کا سربراہ بھی رہا تھا اور اس نے 2015ءمیں داعش میں شمولیت اختیار کی تھی۔
خیا ل رہے کہ شامی فوجیوں نے منگل کے روز داعش کےجنگجوﺅوں کا محاصرہ توڑ دیا تھا۔انھوں نے گذشتہ قریباً چار سال سے دیر الزور پر قبضہ کررکھا ہے اوروہاں کے شہری پابندیو ں میں اپنی زندگیاں بسر کرنے پر مجبور ہیں۔