لاہور/کراچی: پنجاب اور سندھ میں طوفانی بارشوں کا ایک اور اسپیل شروع ہو گیا ہے، جس سے کئی شہروں میں نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ شہری زندگی شدید متاثر ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 10 ستمبر تک ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔
سیہون شریف، میرپورخاص، خیرپور، سکھر اور عمرکوٹ میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے، تاہم اگلے دو دنوں میں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نالوں کو صاف رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔
فیصل آباد، جہلم، لاہور اور دیگر شہروں میں تیز بارش سے گلیاں اور سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ جہلم میں موسلا دھار بارش کے بعد اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب کے شہروں میں آئندہ دنوں میں مزید تیز بارشوں کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے خبردار کیا ہے کہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ سندھ کے کئی علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، نالوں اور کھلے مین ہولز سے دور رہیں، اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو یا متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔