اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں تیز بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔ این ڈی ایم اے نے صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم کی صورتحال بدلتی رہی، جہاں کہیں بادل چھائے رہے تو کہیں دھوپ نکلی۔ محکمہ موسمیات نے 5 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
حکام کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔