Get Alerts

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

لاہور/اسلام آباد :  ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور ممکنہ سیلاب کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ یہ سلسلہ 5 جولائی سے 8 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے دوران گرج چمک کے ساتھ مزید بارشیں متوقع ہیں۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق 5 سے 10 جولائی کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، بھکر، قصور، اوکاڑہ اور ساہیوال سمیت دیگر اضلاع میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ 7 جولائی کے بعد دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں واضح اضافہ ہوگا، جس کے باعث نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور ہل ٹورنٹس میں طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے دیر، سوات، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، چترال، پشاور، مردان، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سوات، کوہستان اور شانگلہ جیسے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم بارکھان، لورالائی، ژوب، مستونگ، سبی، قلات اور خضدار سمیت دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

ٹیگز: