لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعجاز چودھری کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر عدالت نے ابتدائی سماعت مکمل کرتے ہوئے قابلِ سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
سماعت جسٹس احمد ندیم ارشد نے کی، جس دوران وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کے وکلاء نے مؤقف اپنایا کہ اعجاز چودھری کو 9 مئی کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت سے 10 سال قید کی سزا ہو چکی ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق ان کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
دوسری جانب اعجاز چودھری کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سزا کے باوجود انہیں نااہل قرار دینے سے پہلے ان کا مؤقف سنا جانا ضروری تھا، اور بغیر سماعت کے نااہلی غیر آئینی ہے۔
عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جو بعد میں سنایا جائے گا۔