Get Alerts

پاکستان کے سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی، سعودی عرب کی طرف سے امدادی سامان پی ڈی ایم اے کےحوالے

پاکستان کے سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی، سعودی عرب کی طرف سے امدادی سامان پی ڈی ایم اے کےحوالے

لاہور : سعودی عرب نے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ اپنی اخوت، ہمدردی اور قریبی تعلقات کا عملی ثبوت دیتے ہوئے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے پنجاب کے سات اضلاع میں امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔ کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے بھجوایا گیا امدادی قافلہ پانچ ٹرکوں پر مشتمل ہے، جو متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی موجودگی میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے امدادی سامان PDMA کے حوالے کیا۔ اس موقع پر کنگ سلمان ایڈ سینٹر کے کنٹری ڈائریکٹر عبداللہ البقمی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

امدادی سامان میں 10 ہزار شیلٹر کٹس اور 10 ہزار فوڈ پیکجز شامل ہیں۔ شیلٹر کٹس میں خیمے، سولر پینل، ایل ای ڈی لائٹس، تھرمل کمبل، پلاسٹک میٹ، پائیدار کچن سیٹس، واٹر کولرز اور اینٹی بیکٹیریل صابن شامل ہیں۔ ہر فوڈ پیکچ کا وزن 95 کلوگرام ہے، جس میں آٹا، چینی، دال چنا اور کوکنگ آئل شامل ہیں۔

یہ امدادی سامان قصور، جھنگ، خانیوال، حافظ آباد، چنیوٹ، ملتان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا، اور اس عمل میں PDMA، کنگ سلمان ایڈ سینٹر اور حیات فاؤنڈیشن مشترکہ طور پر کام کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا"خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ سعودی عرب کی بروقت امداد حقیقی بھائی چارے کی روشن مثال ہے، اور ہم اس عظیم تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض اسٹریٹجک نوعیت کے نہیں بلکہ سچے اسلامی اخوت اور بھائی چارے پر مبنی ہیں، جو ہر آزمائش کی گھڑی میں مزید مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد جاری رکھے گا۔

ٹیگز: