اسلام آباد: نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یومِ بحریہ کے موقع پر یادگارِ شہدا پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، چیف پیٹی آفیسرز، سیلرز اور شہدا کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے یادگارِ شہدا پر سلامی پیش کی اور شہدا کی یاد میں پھول رکھے۔
اس موقع پر شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ ایڈمرل نوید اشرف نے شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک بحریہ کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو یاد کیا گیا اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔