اسلام آباد: پاکستان کے آئی ٹی اور ٹیکنالوجی سیکٹر نے عالمی منڈیوں میں تیزی سے اپنی جگہ بنانا شروع کردی ہے، آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافے کے باعث شعبے کی کارکردگی میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
مالی سال 2025-26 کے دوران آئی سی ٹی برآمدی ترسیلات میں 19.7 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ آئی ٹی شعبے نے 2.91 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل کیا۔
بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل سرگرمیوں کے نتیجے میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں آئی ٹی اور آئی ٹی سروسز سے متعلق 872 نئی کمپنیاں بھی رجسٹر ہوئیں، جو ملک میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
پاکستانی ٹیک کمپنیاں عالمی سطح پر اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے رہی ہیں۔ سعودی عرب میں حالیہ بین الاقوامی نمائش میں 20 سے زائد پاکستانی کمپنیوں کی شرکت نے بھی عالمی منڈیوں تک رسائی اور پاکستانی ٹیکنالوجی مصنوعات و خدمات کے فروغ کے امکانات کو اجاگر کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق آئی ٹی برآمدات میں مسلسل اضافہ پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے اور عالمی ڈیجیٹل معیشت میں اپنا حصہ بڑھانے کے اہم مواقع پیدا کر رہا ہے۔