Get Alerts

سعودی عرب میں ہائی وےٹریفک حادثے میں تین پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق ،متعدد زخمی

سعودی عرب میں ہائی وےٹریفک حادثے میں تین پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق ،متعدد زخمی

جدہ:سعودی عرب میں ٹریفک حادثات کی شرح عرب ممالک میں سب سے زیادہ ہے ۔روزانہ ٹریفک حادثات میں متعدد افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں ،جن میں مختلف ممالک سے آئے ہوئے عمرہ زائرین بھی زد میں آجاتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق مکہ سے جدہ جانے والی ہائی وے پر ہونے والے اندوہناک حادثے میں پاکستان سے عمرہ کے لیے گئے تین زائرین جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوگئے۔

 یہ سانحہ مکہ سے جدہ جانے والی ہائی وے پر بریمان پل کے مقام پر پیش آیا جہاں زائرین سے بھری بس ایک تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی۔

سعودی ہلالِ احمر سوسائٹی (جدہ) کے ترجمان عبداللہ ابو زید کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو سعودی ریسکیو ایمبولینسز کے ذریعے جدہ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

 سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ کہ جدہ ایمبولینس سروس کے ڈائریکٹر حسین نافع نے زخمیوں کی اسپتال منتقلی کا کام ذاتی طور پر اپنی نگرانی میں مکمل کرایا۔

دوسری جانب پاکستانی سفارت خانے کو تاحال واقعے کی تفصیلات موصول نہیں ہوسکی ہیں لہذا وہ فی الحال جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے بارے میں کچھ بھی بتانے سے قاصر ہیں۔

یاد رہے کہ ستمبر 2017 میں حرم کعبہ میں طوفانی ہواؤں کے سبب کرین گرنے کے افسوس ناک حادثے میں 107 عازمین حج شہید جبکہ دوسو تیس زائد زخمی ہوگئے تھے۔