Get Alerts

جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کا دوسرا ریفرنس بھی سماعت کیلئے منظور

 جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کا دوسرا ریفرنس بھی سماعت کیلئے منظور
کیپشن: نیب کی جانب سے پنک ریزیڈنسی ریفرنس میں کل 19 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی جانب سے دائر دوسرا ریفرنس بھی احتساب عدالت نے سماعت کے لیے منظور کر لیا۔

نیب کی جانب سے گزشتہ روز پنک ریزیڈنسی ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جمع کرایا گیا جہاں رجسٹرار نے ریفرنس کی اسکروٹنی مکمل کر لی۔

عدالت نے نیب کا ریفرنس منظور کرلیا جس کی سماعت احتساب عدالت نمبر 2 میں ہو گی اور جج محمد ارشد ملک پنک ریزیڈنسی ریفرنس کی سماعت کریں گے۔

نیب کی جانب سے پنک ریزیڈنسی ریفرنس میں کل 19 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ آفتاب میمن، عبدالغنی مجید اور دیگر کیخلاف غیر قانونی زمین کی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔

نیب کے مطابق پنک ریزیڈنسی فرم کے نام خلاف قانون زمین الاٹ کی گئی اور ملزمان نے جعلی اکاؤنٹس کا استعمال کیا اور اختیارات سے تجاوز کیا۔

نیب نے ریفرنس دائر کر کے کراچی میں متعلقہ 30 ایکڑ زمین بھی ضبط کر لی تھی جب کہ ملزمان پر خزانے کو 2.5 ارب روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔