پشاور ہائیکورٹ: مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی سے حلف نہ لینے کے پر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سےجواب طلب

پشاور ہائیکورٹ: مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی سے حلف نہ لینے کے پر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سےجواب طلب

 پشاور:  پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی سے حلف نہ لینے کے معاملے پر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سے 14 روز میں جواب طلب کرلیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فضل سبحان نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی سے حلف نہ لینے کے معاملے پر اراکین اسمبلی کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن کے اندر جواب طلب کرلیا ۔

  

دوران سماعت وکیل درخواست گزارنے کہاکہ درخواست گزارہ مخصوص نشست پر ممبر منتخب ہوئی ہے، الیکشن کمیشن نے درخواست گزارہ کو نوٹیفائیڈ بھی کیا ہے، عدالت نے اسپیکر کو حکم دیا تھا کہ سینیٹ الیکشن سے قبل ممبران سے حلف لیا جائے، عدالتی احکامات کے بعد بھی تاحال ممبران اسمبلی سے حلف نہیں لیا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ سپیکر کو نوٹس جاری کرتے ہیں، جب جواب آجائے تو پھر اس کیس کوسنیں گے۔

وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ درخواست کرتے ہیں یہ کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ اس نوعیت کے اور بھی بہت کیسز ہیں، عید کے بعد سب کو بھی سنیں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کے حلف سے مشروط کیے تھے۔

مصنف کے بارے میں