اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی صورتحال اور حالیہ سفارتی کامیابیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کو امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی حالیہ جنگ بندی اور اس سلسلے میں طے پانے والے 'اسلام آباد معاہدے' کے خدوخال سے متعلق اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے اس اہم سفارتی پیش رفت میں پاکستان کے کلیدی کردار اور پسِ پردہ کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی سفارتی ٹیم کی انتھک کاوشوں کو بھرپور طریقے سے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہترین اور متوازن سفارتی حکمت عملی کی بدولت آج دنیا پر منڈلاتا ہوا ایک عالمی جنگ کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ایک بڑی جیت ہے۔گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ خطے میں صرف ایک تماشائی نہیں بلکہ امن کا ضامن ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مؤثر سفارت کاری کو سراہتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا۔