انڈین فلموں کے مشہور اداکار انوپم شیام انتقال کرگئے

Famous Indian film actor Anupam Shyam has passed away
کیپشن: فائل فوٹو

ممبئی: انڈین فلموں اور ڈراموں کے مشہور اداکار انوپم شیام انتقال کر گئے ہیں، آنجہانی کی عمر 63 برس تھی۔

ان کے انتقال کی تصدیق پروڈیوسر اشوک پنڈت اور یشپال شرما کی جانب سے کی گئی ہے جو آنجہانی انوپم شیام کے دوست ہیں۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار انوپم شیام کے کچھ دنوں سے ممبئی کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی تگ ودو میں رہے تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انوپم شیام کے پھیپھڑوں اور گردوں نے اچانک کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ انھیں ہائی شوگر کا عارضہ تھا جو ان کے اندرونی اعضا پر اثر انداز ہوا۔

انوپم شیام نے انڈین ڈرامہ سیریز ''من کی آواز پرتگیا 2'' میں آخری مرتبہ اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

اس کے علاوہ انہوں نے ہزاروں خواہشیں ایسی، لگان، دل سے، بینڈتھ کوئن اور سلم ڈوگ ملینیئر جیسی شہرہ آفاق فلم میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے۔