لاہور: پاکستان کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے قومی کرکٹ ٹیم سے علیحدگی سے متعلق زیرِ گردش خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
سوشل میڈیا پر گزشتہ کچھ عرصے سے یہ دعوے سامنے آرہے تھے کہ خوشدل شاہ پاکستان کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے ہیں۔ تاہم آل راؤنڈر نے خود ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے صورتحال واضح کردی ہے۔
خوشدل شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ چھوڑنے سے متعلق خبریں جعلی ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کا گھر ہے اور ملک کی نمائندگی کرنا ہمیشہ ان کی اولین ترجیح اور ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز رہا ہے۔
آل راؤنڈر نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بے بنیاد افواہوں پر یقین نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ ان کی وابستگی میں نہ پہلے کوئی تبدیلی آئی ہے اور نہ مستقبل میں آئے گی۔