Get Alerts

سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، کراچی درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے: مرتضیٰ وہاب

سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، کراچی درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے: مرتضیٰ وہاب

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے عوام کی بلاتفریق خدمت کی ہے، کراچی درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، شہر کے خلاف منفی پروپیگنڈا بند ہونا چاہیے۔ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے سیاسی استحکام بنیادی ضرورت ہے، جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا معاشی استحکام بھی نہیں آسکتا۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لانڈھی میں جو جگہ کھنڈر بنی ہوئی تھی اسے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ بارشوں کے بعد کراچی کی سڑکوں کی مرمت کی جائے گی، پیپلز پارٹی کی نیت کام کرنے کی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ شہر میں بہتری آئے۔

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے خلاف منفی پروپیگنڈا بند کیا جانا چاہیے، شوشے چھوڑنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ہر سوال کا جواب آئین پاکستان میں موجود ہے، صوبوں سے متعلق آئینی طریقہ کار پر عمل کیا جائے اور صوبوں کے معاملات آئین کے تحت پارلیمان میں حل کیے جائیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ نظام کو چلانے والے درست نہیں ہوں گے تو کتنا ہی اچھا نظام کیوں نہ ہو، نہیں چلے گا۔ ایم کیو ایم کے دور میں لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کی حالت سب کے سامنے تھی۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ کٹنگ کرنے والے آج کہتے ہیں کہ کراچی کو ہم ٹھیک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ منفی سوچ کو بابے تبدیل نہیں کرسکتے، نوجوان قیادت ہی آگے بڑھے گی۔ ہم جان بوجھ کر غلطی نہیں کریں گے اور شہر کی بہتری کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ ہم سب کے لیے پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، مل کر ایسی پالیسیاں بنانا ہوں گی جن کا فائدہ عوام کو پہنچے۔

میئر کراچی نے کہا کہ سڑکیں بلاک کرکے احتجاج کرنا نامناسب عمل ہے، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کراچی کی بہتری کے لیے کام کریں۔

میر رضا کے معاملے پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد نئی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ میر رضا کی موت قتل ہے یا خودکشی، تحقیقات میں یہ بات واضح ہوجائے گی۔

ٹیگز: