اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے مکہ معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں مشترکہ وژن حقیقت کے روپ میں بدل گیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ مکہ معاہدہ پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی اور دفاعی پیش رفت ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے قومی سلامتی اور خطے کے امن کے حوالے سے مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ مکہ معاہدہ اسی مشترکہ وژن اور مسلسل کاوشوں کا عملی نتیجہ ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔ مکہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی ہے اور مکہ معاہدہ اسی عزم کا اظہار ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار اور دفاعی صلاحیتوں پر اعتماد کا بھی مظہر ہے۔