'پاکستان میں بھارتی دہشتگردی ثابت ہو چکی، اقوام متحدہ میں ثبوت دے دئیے'

'پاکستان میں بھارتی دہشتگردی ثابت ہو چکی، اقوام متحدہ میں ثبوت دے دئیے'

اسلام آباد: ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی عزائم کا پردہ چاک کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے جبکہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث ہے۔ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کے لیے مالی امداد فراہم کرتا ہے اور اس کی دہشتگردی ثابت بھی ہو چکی ہے۔

نفیس زکریا کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے بین البر اعظمی میزائل تجربات تشویش ناک ہیں۔ بھارت ایک خفیہ نیوکلیئر سٹی بھی تعمیر کر چکا ہے ایسے اقدامات سے خطے میں ہتھیاروں کا توازن متاثر ہو رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ سرجیکل سٹرائیک کے حوالے بھارتی میڈیا کی رپورٹس بے بنیاد ہیں۔ سرجیکل سٹرائیک بھارت کی جانب سے صرف ایک ڈرامہ تھا۔ پاکستان کو تنہا کرنے کے بھارتی دعوے نے خود بھارت کو تنہا کر دیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے جو کہ تشویش ناک ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں چھ ریڈ کراس ورکرز کی ہلاکت کی مذمت کرتا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں