Get Alerts

پاکستان دہشت گردی کے خلاف دنیا کے لئے ڈھال ہے ، محسن نقوی

 پاکستان دہشت گردی کے خلاف دنیا کے لئے ڈھال ہے ، محسن نقوی

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف دنیا کے لئے ایک مضبوط ڈھال بن چکا ہے۔ یہ بیان انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے حوالے سے اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی اور یورپی کمشنر میگنس برنر کے ساتھ ہونے والے رابطے کے دوران دیا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے، اس میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

اطالوی وزیر داخلہ نے اس المناک واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی کی حکومت اور وہ خود متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور جاں بحق افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی پاکستانی عوام کے ساتھ اس مشکل وقت میں کھڑا ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے۔ اٹلی نے دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کی پیشکش بھی کی۔

یورپی کمشنر میگنس برنر نے بھی اپنی دعائیں متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں یورپی یونین پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اطالوی وزیر داخلہ اور یورپی کمشنر کا اس مشکل وقت میں یکجہتی کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان دنیا کے لئے ایک ڈھال ہے اور اس وقت دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی سطح پر مضبوط اقدامات کی ضرورت ہے۔

ٹیگز: