اسلام آباد : اسلام آباد میں اب بغیر رجسٹریشن ٹیکسی اور بائکیا چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کی باضابطہ رجسٹریشن کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت تمام ڈرائیورز اور گاڑیوں کی معلومات جمع کی جائیں گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام ٹیکسی سروسز کے سی ای اوز سے رابطہ کریں۔
ڈی سی اسلام آباد نے مزید ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری غیر رجسٹرڈ بائکیا چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں۔ اس کے علاوہ، تمام غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور بائکیا کی رجسٹریشن ڈیجیٹل آٹومیشن کے تحت کی جائے گی۔
ڈی سی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن ایپ پر اسلام آباد پولیس کو تمام ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی۔ رجسٹریشن کے بعد ڈرائیور کے لیے یہ ضروری ہوگا کہ وہ مسافروں کی تفصیلات ایپ پر اپلوڈ کرے۔ اس کے بغیر، مسافر کا شناختی کارڈ نمبر درج کیے بغیر ڈرائیور کو سواری لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر کل سے باضابطہ رجسٹریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔