Get Alerts

بسنت کا وقت ختم ہوگیا، پتنگ بازی پر سخت ایکشن لیا جائے گا ، عظمیٰ بخاری

 بسنت کا وقت ختم ہوگیا، پتنگ بازی پر سخت ایکشن لیا جائے گا ، عظمیٰ بخاری

لاہور : وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے لاہور کے عوام اور پاکستان سمیت اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بسنت کا وقت ختم ہو چکا ہے اور اب پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو اپنے بچوں پر نظر رکھنی چاہیے کیونکہ پتنگ اڑانے پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے لاہور میں محفوظ بسنت منانے اور زندگی کے رنگ انجوائے کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "شکریہ لاہور، شکریہ پاکستان، شکریہ اوورسیز پاکستان"۔ انہوں نے غیر ملکی مہمانوں اور سفیروں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور سمیت پورے پاکستان کے عوام کے دل جیت لیے ہیں، اور لاہوری عوام محفوظ بسنت منانے کے لیے مبارکباد کے مستحق ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ الحمدللہ بسنت انتہائی کامیاب اور محفوظ طریقے سے منائی گئی، اور امریکہ، برطانیہ، اور مشرق وسطیٰ سے بھی لوگ لاہور بسنت منانے آئے۔ شہریوں نے حکومت کی ایس او پیز اور ہدایات پر ذمہ داری سے عمل کیا۔

انہوں نے انتظامیہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بسنت کو محفوظ بنانے میں پولیس، ریسکیو، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں نے اہم کردار ادا کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستانیوں نے نفرت، انتشار اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، اور ترقی، خوشحالی اور امن کو اپنی حمایت دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ ملک کو کمزور کرنا چاہتے تھے، وہ اب اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔

ٹیگز: