Get Alerts

ملک میں تکفیر اور خارجیت کی کوئی جگہ نہیں، فتنہ پروروں کو لٹکایا جائے: حافظ طاہر اشرفی

ملک میں تکفیر اور خارجیت کی کوئی جگہ نہیں، فتنہ پروروں کو لٹکایا جائے: حافظ طاہر اشرفی

لاہور : پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تکفیر اور خارجیت پسندی کے لیے کوئی گنجائش نہیں، جو بھی تکفیر یا توہین کا مرتکب ہو اسے سرعام لٹکایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں دیگر مکاتب فکر کے علما کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
حافظ طاہر اشرفی نے بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے جنگ جیتنے پر حیران ہونے والے "سورہ فیل" کا مطالعہ کر لیں، کیونکہ حق کے معرکے اللہ کی مدد سے جیتے جاتے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کے حوالے سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاافغانستان ہمارا بھائی ہے، لیکن یہ کیسا بھائی ہے جو ہمیں روز لاشیں دے رہا ہے؟ افغانستان فرنٹ پر ہے جبکہ اس کے پیچھے بھارت اور اسرائیل کی سازشیں ہیں۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے انکشاف کیا کہ سانحہ راولپنڈی کے تمام سہولت کار اور ساتھی گرفتار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے دہشت گرد کو اپنی لپیٹ میں لے کر دھماکے سے روکنے والے بہادر جوان عون عباس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسے اعلیٰ سول اور عسکری ایوارڈ دیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو مشورہ دیا کہ وہ صوبے میں مساجد کو یرغمال بنانے والے عناصر کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیں۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر ایک متاثر کن منظر دیکھا گیا جب ،    علامہ محمد حسین اکبر،    ضیا اللہ شاہ بخاری،    مفتی رمضان سیالوی اور دیگر علما نے ایک دوسرے کے ہاتھ تھام کر انسانی زنجیر بنائی۔ اس عمل کے ذریعے پیغام دیا گیا کہ تمام مسالک دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔ آخر میں ملک کی سلامتی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

ٹیگز: