لاہور :چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام امن کا دین ہے اور دہشت گردی کرنے والوں کا اس عظیم مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 'معرکہ حق کانفرنس' سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک دشمن عناصر کی سازشیں پہلے بھی ناکام ہوئی تھیں اور اب بھی ناکام ہوں گی۔
حافظ طاہر اشرفی نے سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا دشمن نے بزدلی دکھاتے ہوئے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا، لیکن ہماری فورسز اور قوم نے دن کی روشنی میں اس کا بھرپور جواب دیا۔ ملک میں انتشار پھیلانے والے گروہ اپنی سازشوں میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا سعودی عرب ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑا رہا ہے۔خلیجی ممالک، بالخصوص متحدہ عرب امارات (UAE) کے قوانین کا احترام ہر پاکستانی پر لازم ہے۔ متحدہ عرب امارات سے صرف ان لوگوں کو واپس بھیجا گیا جنہوں نے وہاں کے مقامی قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔
حافظ طاہر اشرفی نے زور دیا کہ اب ملک میں خون کی ہولی بند ہونی چاہئے۔ انہوں نے علما کرام اور عوام پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر ریاست مخالف بیانیے کا مقابلہ کریں اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔