لاہور : پاکستان سپر لیگ (PSL) کی سب سے مہنگی فرنچائز 'ملتان سلطانز' کی فروخت کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ معروف کمپنی ولی ٹیک نے ریکارڈ بولی دے کر ٹیم کے حقوق حاصل کر لیے ہیں، جس کے ساتھ ہی فرنچائز کا نام تبدیل کر کے 'راولپنڈی' رکھنے کا بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملتان کی ٹیم کی نیلامی کے دوران سرمایہ کاروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھا گیا، تاہم ولی ٹیک نے 2 ارب 45 کروڑ روپے کی سب سے بڑی بولی دے کر میدان مار لیا۔ اس بھاری بھرکم رقم کے ساتھ اب یہ پی ایس ایل کی تاریخ کی مہنگی ترین فرنچائز بن گئی ہے۔
فرنچائز کے حقوق حاصل کرنے کے بعد ولی ٹیک کی انتظامیہ نے کرکٹ شائقین کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ٹیم کی ملکیت سنبھالتے ہی اس کا نام تبدیل کر کے 'راولپنڈی' رکھا جا رہا ہے۔
اگلے سیزن میں یہ ٹیم ملتان کے بجائے راولپنڈی کی نمائندگی کرے گی، جس سے لیگ میں علاقائی رقابت کا ایک نیا رنگ دیکھنے کو ملے گا۔اس فیصلے سے جہاں راولپنڈی کے شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، وہیں ملتان کے مداحوں کے لیے یہ خبر کسی حیرت سے کم نہیں۔ سٹرٹیجک لحاظ سے یہ تبدیلی پی ایس ایل کے برانڈ میں ایک بڑی ہلچل پیدا کرے گی۔