واشنگٹن:امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کے خیال میں تائیوان چین کا حصہ ہے، تاہم اگر چین کی جانب سے تائیوان پر کسی قسم کی کارروائی کی گئی تو وہ اس پر خوش نہیں ہوں گے۔ صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ چین تائیوان کے خلاف کوئی اقدام نہیں کرے گا اور کہا کہ چین تائیوان کے حوالے سے کیا قدم اٹھاتا ہے، اس کا انحصار چینی صدر پر ہے۔
امریکی صدر نے امریکا اور روس کے درمیان جوہری معاہدے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا روس جوہری معاہدہ ختم ہوتا ہے تو ہونے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ہونے والے کسی بھی نئے معاہدے میں چین کو شامل کیا جانا چاہیے۔ واضح رہے کہ امریکا اور روس کے درمیان نیو اسٹارٹ معاہدہ 5 فروری کو ختم ہو رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایران میں مظاہرین کے خلاف کارروائی پر سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکا ایران کو بہت سخت جواب دے گا۔ ان بیانات کے بعد عالمی سطح پر سیاسی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔