واشنگٹن: امریکہ نے آبنائے ہرمز اور ایران کے حوالے سے اپنے سخت موقف کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ فی الحال کسی جنگی آپریشن کا ارادہ نہیں رکھتا، تاہم کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے فی الحال کوئی آپریشن نہیں کیا جا رہا، لیکن اگر "ہم پر گولی چلائی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔" انہوں نے مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز ایک عالمی گزرگاہ ہے اور دنیا کا کوئی بھی اکیلا ملک اس پر اپنا مکمل کنٹرول قائم نہیں کر سکتا۔
دوسری جانب، امریکی وزیرِ جنگ (وزیرِ دفاع) پیٹ ہیگستھ نے صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال جنگ بندی برقرار ہے، تاہم آبنائے ہرمز کا محاصرہ بدستور جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق، امریکی انتظامیہ کا ایران پر دباؤ برقرار ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ ایران کسی بھی قسم کی شرائط کے بغیر فوری طور پر ہتھیار ڈالے۔ ان بیانات کے بعد خطے میں سیاسی اور عسکری تناؤ میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔