واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ گرین لینڈ کی خریداری کے ممکنہ منصوبوں پر غور کر رہی ہے۔ گرین لینڈ، جو دنیا کا سب سے بڑا جزیرہ ہے، اپنی جغرافیائی پوزیشن اور قدرتی وسائل کی وجہ سے عالمی توجہ کا مرکز ہے، اور یہی وجہ ہے کہ امریکا اسے خریدنے کے امکانات پر باضابطہ غور کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق گرین لینڈ کی خریداری کا خیال ایک فعال موضوع ہے اور اس پر بات چیت جاری ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا ڈنمارک سے گرین لینڈ خریدنے کا خواہاں ہے۔
حالیہ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکام گرین لینڈ کے ہر باشندے کو 10,000 سے 100,000 ڈالرز تک مالی معاوضہ دینے پر غور کر رہے ہیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے یا وہ امریکا کے ساتھ مل جانے پر رضامند ہوں۔
بعض سرکاری بیانات میں ملٹری آپشنز کو بھی “ہمیشہ ایک امکان” قرار دیا گیا، تاہم امریکا نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ وہ اس پر عمل کرے گا یا نہیں۔ عالمی برادری اور خاص طور پر ڈنمارک نے اس خیالی فوجی منصوبے پر شدید تنقید کی ہے۔