کراچی: سندھ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا سندھ میں بھرپور استقبال کیا جائے گا اور وہ سیاسی سرگرمیاں اور جلسے دونوں کر سکتے ہیں۔
ناصر شاہ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی سمیت کسی بھی جماعت کی پرامن جدوجہد کو نہیں روکا جا سکتا، تاہم سیاسی سرگرمیوں کے دوران قانون کی خلاف ورزی سے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے کورنگی اور ساؤتھ میں بھی جلسے کی درخواست دی ہے اور باغ جناح میں جلسے کی اجازت قانون کے مطابق دی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کراچی میں جلسے کے لیے پی ٹی آئی کی قیادت سے بات چیت جاری ہے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔