Get Alerts

ترک وزیر دفاع کا ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ، دوطرفہ دفاعی تعاون، تربیت، اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال

ترک وزیر دفاع کا ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ، دوطرفہ دفاعی تعاون، تربیت، اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال

اسلام آباد :  ترکیہ کے وزیر دفاع یاشار گلر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دفاع، تربیت، اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا، تاکہ باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں عملی تعاون کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

ترک وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور قومی دفاع کے حوالے سے غیرمتزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے ایئر چیف مارشل کی قیادت کو اس شاندار کارکردگی کا مظہر قرار دیا ہے۔

یاشار گلر نے ایویانکس، جدید غیرروایتی جنگی ٹیکنالوجیز، اور بغیر پائلٹ کے فضائی نظام (UAS) کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں اور صنعتی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے پائلٹ ایکسچینج پروگرام میں پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ ہم آہنگی کا اہم ذریعہ قرار دیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے تربیتی اشتراک کو وسعت دینے اور دوطرفہ و کثیرالملکی فضائی مشقوں کے دائرہ کار کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

ترک وزیر دفاع کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون، تزویراتی ہم آہنگی اور مسلح افواج کے ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: