Get Alerts

پاکستان اورترکیہ کےوزرائےخارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس ، علاقائی استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان اورترکیہ کےوزرائےخارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس ، علاقائی استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد :  پاکستان اور ترکیہ نے علاقائی استحکام، معاشی ترقی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے باہمی اشتراک جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اعلان ترک وزیر خارجہ حکان فدان کے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی اور علاقائی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور اعلیٰ سطحی تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ مل رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مختلف شعبوں میں ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کمیٹیوں کے ذریعے عملی تعاون جاری ہے۔ اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ترکیہ کے تاجروں کے لیے خصوصی اقتصادی زون بنانے پر تبادلہ خیال ہوا ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں ترک ماورف سکول کھولنے پر بھی بات چیت کی گئی۔

ترک وزیر خارجہ حکان فدان نے پاکستان کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں جنہیں ادارہ جاتی شراکت داری میں بدلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، ثقافت، دفاع، اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جا رہا ہے اور باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔

حکان فدان نے خیبرپختونخوا میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی قبرص کے مسئلے پر حمایت کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے دانشمندی اور تحمل کا مظاہرہ کیا، جب کہ اسرائیلی جارحیت پورے خطے کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔

یاد رہے کہ ترک وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات کا مظہر ہے۔ ترک وفد کی وزیر اعظم اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

ٹیگز: