نیویارک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں عالمی امن، سکیورٹی امور اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے طویل المدتی اور نمایاں تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عالمی امن کے قیام کے لیے پاکستانی دستوں کی خدمات اور قربانیوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی امن کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے اور امن مشنز میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی چیلنجز سمیت سکیورٹی تعاون کے معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔