Get Alerts

 پنجاب میں موسمی آفات سے بچاؤ کے لیے جامع حکمت عملی، مون سون سے قبل تیاریوں کا فیصلہ

 پنجاب میں موسمی آفات سے بچاؤ کے لیے جامع حکمت عملی، مون سون سے قبل تیاریوں کا فیصلہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کے درمیان ملاقات میں مون سون بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے "پنجاب کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پلان 2026" پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاق اور پنجاب کے درمیان شدید موسمیاتی واقعات کی پیشگوئی، بروقت معلومات کی فراہمی اور ہنگامی ردعمل کے لیے ارلی وارننگ سسٹم کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مون سون اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری عملی مشقیں شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل تیار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بروقت پیشگوئی اور اداروں کے درمیان بہتر رابطہ انتہائی ضروری ہے۔ملاقات میں ممکنہ اربن فلڈنگ، نکاسی آب کے نظام، ریسکیو آپریشنز اور قدرتی آفات کے دوران عوامی تحفظ کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران تمام محکمے الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔وفاقی اور صوبائی حکام نے موسمیاتی خطرات کو کم کرنے اور عوام کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ٹیگز: