Get Alerts

لاہور میٹرو میں خواتین کے لیے 5 خصوصی بسیں چلانے کا آغاز

لاہور میٹرو میں خواتین کے لیے 5 خصوصی بسیں چلانے کا آغاز

لاہور: خواتین مسافروں کے لیے محفوظ، باوقار اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے مقصد سے محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے لاہور میٹرو بس سروس میں پانچ خصوصی بسیں چلانے کا آغاز کر دیا ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق رش کے اوقات میں خواتین کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے عارضی طور پر پانچ سپیڈو بسوں کو میٹرو بس کے مخصوص ٹریک پر آپریشنل کیا گیا ہے، تاکہ خواتین کو ہجوم اور غیر ضروری مشکلات سے بچایا جا سکے۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بتایا کہ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے تحت کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا مقصد خواتین کو دورانِ سفر ہراسگی سے محفوظ رکھنا اور انہیں باعزت، پُرسکون اور سہولت سے بھرپور سفری ماحول فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں عارضی سپیڈو بسوں کی جگہ نئی میٹرو بسیں خرید کر خواتین کے لیے مستقل طور پر مختص کی جائیں گی۔ ان کے بقول خواتین کے سفر کو مزید محفوظ اور آسان بنانے کے لیے دیگر عملی اقدامات بھی جلد متعارف کرائے جائیں گے۔

ٹیگز: