برطانیہ عام انتخابات، 12 پاکستانی نژاد امیدوار کامیاب

برطانیہ عام انتخابات، 12 پاکستانی نژاد امیدوار کامیاب

لندن: برطانیہ میں 2017 کے عام انتخابات کے نتیجے میں تشکیل پانے والی پارلیمان کے منتخب اراکین میں پاکستانی سیاست دان بھی شامل ہیں۔ عام انتخابات میں کنزرویٹو اور لیبر پارٹی کے درمیان کانٹے کے مقابلے میں پاکستانی نژاد امیدواروں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور 12 امیدوار کامیاب ہوئے۔

برطانوی دارالعوام کے انتخابات کے لئے 30 پاکستانی نژاد امیدوار میدان میں تھے جس میں سے 12 امیدوار کامیاب ہوئے۔ کامیاب ہونے والے امیدواروں میں سے 9 کا تعلق لیبر پارٹی جب کہ 3 کا کنزرویٹو پارٹی سے ہے۔

برطانوی انتخابات میں کامیاب ہونے والے پاکستانی نژاد برطانوی امیدواروں میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔ جیتنے والے زیادہ تر امیدوار گزشتہ انتخابات میں بھی کامیاب ہوئے تھے لیکن افضل خان اور محمد یاسین پہلی مرتبہ دارالعوام کے انتخابات میں کامیاب ہوئے ہیں جن کا تعلق لیبرپارٹی سے ہے۔

لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے دیگر پاکستانی نژاد امیدواروں میں ناز شاہ، عمران حسین، خالد محمود، شبانہ محمود، یاسمین قریشی، ڈاکٹر روزینہ ایلن خان اور فیصل قریشی شامل ہیں۔

حکمراں کنزرویٹو پارٹی کے کامیاب ہونے والے 3 امیدواروں میں ساجد جاوید ، نصرت غنی اور رحمان چشتی شامل ہیں۔ دوسری جانب برطانوی عام انتخابات میں مجموعی طور پر 56 بھارتی نژاد امیدواروں نے بھی حصہ لیا لیکن صرف 12 امیدوار ہی کامیاب ہو سکے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں