اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی اور ہندوتوا نظریے سے نہ صرف اقلیتیں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ یہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔
ایوانِ صدر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے پارٹی ورکرز کو عید کی مبارکباد دی اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکرز ہی پارٹی کی اصل طاقت ہیں، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ساتھ نبھایا۔
ملک کی معاشی صورت حال پر بات کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے زور دیا کہ معیشت کو مضبوط اور خود کفیل بنانے کے لیے زرعی شعبے پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اور کسانوں کو سہولیات دے کر معیشت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
صدر زرداری نے بھارت میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں اور عیسائیوں کے ساتھ ہونے والے تعصب اور مظالم پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کا ہندوتوا نظریہ صرف داخلی مسئلہ نہیں رہا، بلکہ اب یہ پورے خطے کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر کے مسلمان یہاں کی تاریخ، ثقافت اور مذہب کا حصہ ہیں، اور انہیں دیوار سے لگانا خطرناک نتائج دے سکتا ہے۔
آخر میں صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔