Get Alerts

گلگت بلتستان انتخابات: پیپلز پارٹی سب سے آگے، نتائج میں تاخیر پر احتجاج جاری

گلگت بلتستان انتخابات: پیپلز پارٹی سب سے آگے، نتائج میں تاخیر پر احتجاج جاری

گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 میں سے 22 حلقوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 10 نشستیں حاصل کرکے سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، جبکہ 7 آزاد امیدوار اور مسلم لیگ (ن) 4 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔

ابتدائی نتائج کے مطابق ایک نشست پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ ضلع استور کے دو حلقوں کے نتائج تاحال جاری نہیں کیے گئے۔

پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدواروں میں امجد حسین، محمد علی اختر، ذوالفقار علی مراد، سید توقیر مہدی، فدا محمد ناشاد، ناصر علی خان، اقبال حسن، عمران ندیم، محمد نسیم اور سید جلال شاہ شامل ہیں، جنہوں نے مختلف حلقوں سے کامیابی حاصل کی۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حفیظ الرحمان، کفایت الرحمان، عبدالجہاں اور ابراہیم ثنائی کامیاب قرار پائے ہیں۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں میں سید سہیل عباس، نیک نام کریم، امام مالک، امان علی، انور علی، اسد شفیق اور محمد دلپزیر کامیاب ہوئے ہیں، جبکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے محمد کاظم نے اسکردو کے ایک حلقے سے کامیابی حاصل کی۔

دوسری جانب انتخابی نتائج کے اجرا میں تاخیر اور مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور بعض آزاد امیدواروں کے حامی نتائج کے عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرے کر رہے ہیں۔
 
 
 

ٹیگز: