Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف سے گلوبل فنڈ کے وفد کی ملاقات، ایچ آئی وی کی روک تھام کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف سے گلوبل فنڈ کے وفد کی ملاقات، ایچ آئی وی کی روک تھام کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گلوبل فنڈ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان میں صحتِ عامہ کی صورتحال، خصوصاً ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا جیسے موذی امراض کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کی قیادت گلوبل فنڈ کے گرانٹ مینجمنٹ ڈویژن کے مارک ایڈینگٹن کر رہے تھے، جبکہ دیگر اراکین میں سینئر پورٹفولیو مینجر ازیسکن گویریا اور ڈپٹی جنرل قونصلر نتاشا ہیفنک شامل تھے۔

وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دینے والے وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گلوبل فنڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ترقی پذیر ممالک میں صحتِ عامہ کی بہتری کے لیے فنڈ کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو جدید اور فعال بنانے میں گلوبل فنڈ ہمارا ایک اہم شراکت دار ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک سے ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا کے جڑ سے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور گلوبل فنڈ کے تعاون سے ان کوششوں کو مزید تقویت مل رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ایچ آئی وی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومتِ پاکستان اور گلوبل فنڈ کے درمیان ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی فوری ہدایت بھی جاری کی۔
ملاقات کے دوران وزارتِ قومی صحت کے حکام نے وفد کو پاکستان میں ان امراض کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔گلوبل فنڈ کے وفد نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تپ دق، ملیریا اور ایچ آئی وی کے خاتمے کے لیے پاکستانی حکومت کے مخلصانہ اقدامات کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ ان بیماریوں سے پاک پاکستان کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے گلوبل فنڈ اپنا بھرپور تعاون اور شراکت داری مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔

ٹیگز: