Get Alerts

پاکستان، ایران اور عراق کا زائرین کی سہولت کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ

پاکستان، ایران اور عراق کا زائرین کی سہولت کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ

تہران:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان، ایران اور عراق نے اپنے زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

محسن نقوی نے سہ ملکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عراق اور ایران جانے والے پاکستانی زائرین ہمارے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کا شکریہ ادا کیا کہ پاکستان کی درخواست پر یہ کانفرنس منعقد ہوئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور دیگر اعلیٰ حکام نے جنگ کے دوران ایران کے حق میں انتہائی فعال اور مثبت کردار ادا کیا۔

وزیر داخلہ نے ایران کو جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی سختی سے مذمت کی اور ایران کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان اور ایران ہمیشہ بھائی بھائی رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں پاکستان کے سفیر امیری مقدم موجود ہیں جو پاکستان کے کردار کے گواہ ہیں۔

محسن نقوی نے عراقی وزارت داخلہ کی بھی تعریف کی کہ وہ اربوں زائرین کی دیکھ بھال کا بہترین انتظام کرتے ہیں، خاص طور پر اربعین کے موقع پر۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ یکم جنوری 2026 کے بعد پاکستانی زائرین انفرادی طور پر عراق نہیں جا سکیں گے بلکہ صرف رجسٹرڈ گروپ آرگنائزرز کے ذریعے ہی عراق کا سفر ممکن ہو گا۔ اس حوالے سے گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، اور یہ گروپس زائرین کی وطن واپسی کے ذمہ دار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس نئے نظام سے غیر قانونی سفر اور زائد قیام کا سلسلہ ختم ہو گا، اور عراق و ایران بھی اس نظام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

محسن نقوی نے عراق اور ایران کی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ پاکستانی زائرین کی دیکھ بھال میں مسلسل تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کو لاکھوں زائرین کے تحفظ کے لیے ان کی کوششوں پر سراہا۔

انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جنگ کے دوران جرأت مندانہ قیادت کو بھی سراہا اور انہیں اور ایرانی عوام کو عظیم فتح پر مبارکباد دی۔

تہران میں منعقدہ سہ ملکی کانفرنس میں ایران کے نائب وزیر داخلہ علی اکبر پورجمشیدیان، ایرانی وزیر داخلہ کے سینئر مشیر نادر یار احمدی، پاکستان میں ایران کے سفیر امیری مقدم، ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو، پاکستانی وزارت داخلہ کے سیکرٹری خرم آغا، اور عراق کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان، ایران اور عراق مل کر زائرین کی سہولت کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کریں گے تاکہ سہولتوں میں بہتری لائی جا سکے۔

ٹیگز: