لاہور: صوبائی دارالحکومت کی سیشن کورٹ نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانیوالے ملزم کو پچیس سال قید 9 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج میاں شاہد جاوید نے لڑکی نادیہ کو والدین سے ملوانے کا جھانسہ دے کر گھر بلا کر زیادتی کا نشانہ بنانے کے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ۔عدالت نے ملزم عثمان فقیر حسین کو پچیس سال قید اور 9 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔
عدالت کی جانب سے جاری ہونیوالے تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ ملزم نے لڑکی کو گھر بلا کر دھوکہ دیا اور والدین سے ملوانے کا جھانسہ دے کر زیادتی کیجبکہ ملزم نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بناتے ہوئے ویڈیو بھی بنائی ۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے لڑکی کو دھمکی دی کہ کسی کو بتایا تو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دوں گا ، پولیس تفتیش کے دوران ملزم نے اقبال جرم بھی کیا جبکہ کیس میں ملزم کے خلاف 9 گواہوں نے بیانات قلمبند کرائے۔
واضح رہے کہ عثمان فقیر حسین نامی شخص کیخلاف لاہور کے تھانہ مناواں میں زیادتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔