کراچی : ایران میں جنگ کے خطرات کے باعث عالمی اور مقامی سٹاک مارکیٹس پر منفی اثرات واضح طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے دن ہی شدید مندی دیکھی گئی، جس کے بعد ٹریڈنگ ایک گھنٹے کے لیے عارضی طور پر روک دی گئی۔
کاروبار کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں 9780 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور یہ 147,715 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، جب کہ پچھلے کاروباری دن یہ 157,496 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر بھی کشیدگی کے اثرات نمایاں ہیں۔ ایشین مارکیٹس میں جاپان کا نکئی انڈیکس اور جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس تقریباً 7 فیصد گر گئے، ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 2.5 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بھارت کا نفٹی انڈیکس 3 فیصد تک کم ہوا۔
یورپی سٹاکس میں بھی جرمنی، برطانیہ اور دیگر یورو اسٹاکس میں ایک فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی، اور امریکی سٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر ایک فیصد کی مندی ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق، جغرافیائی کشیدگی اور عالمی عدم تحفظ سرمایہ کاروں کی نفسیات پر منفی اثر ڈال رہی ہے، جس کے باعث مارکیٹس میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔