اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کل سے 5G اسپیکٹرم کی نیلامی شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے مشترکہ بریفنگ میں اس منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے بتایا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی اور شفاف ترین نیلامی ہوگی۔ 1987 سے اب تک پورا ملک صرف 274 میگا ہرٹس پر چل رہا تھا، لیکن اب ایک ساتھ 600 میگا ہرٹس اسپیکٹرم نیلام کیا جا رہا ہے۔نیلامی کا عمل جدید سافٹ ویئر کے ذریعے براہِ راست (Live) دکھایا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کے شک و شبہ کی گنجائش نہ رہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ تمام بڑی ٹیلی کام کمپنیوں نے 'موک آکشن' (تربیتی نیلامی) میں حصہ لیا اور سافٹ ویئر کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ کمپنیوں نے نیلامی کے عمل کے لیے اپنے اپنے کنسلٹنٹس بھی ہائر کر لیے ہیں۔حکومت نے عوام کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ 5G ٹیکنالوجی کی آمد سے موبائل پیکجز مہنگے نہیں ہوں گے۔ پی ٹی اے اس بات کی نگرانی کرے گا کہ کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں بلاجواز اضافہ نہ کیا جائے۔
حکومت کا بنیادی ہدف ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ ملک بھر میں کنیکٹوٹی کو بہتر بنانا اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینا ہے۔ماہرین کے مطابق 5G کی آمد سے نہ صرف انٹرنیٹ کی رفتار کئی گنا بڑھ جائے گی بلکہ فری لانسنگ، ای-ہیلتھ اور آن لائن ایجوکیشن کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔