قبل ازوقت انتخابات میں ہی ملک کی بہتری ہے، عمران خان

قبل ازوقت انتخابات میں ہی ملک کی بہتری ہے، عمران خان

اسلام آباد: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں اسٹاک مارکیٹ گر رہی ہے اور وزیراعظم اپنی ایئرلائن کے لئے برطانیہ گئے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے بھائی سے سمجھوتہ کرنے لندن گئے کہ وہ پیچھے ہو جائیں اور انہیں پارٹی سنبھالنے دیں۔ کیا ملک کے یہ مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں ٹریسامے اور ترکی میں اردگان نے الیکشن کرایا اور یہ عمل جمہوریت کو تقویت بخشتا ہے اور جتنی جلدی الیکشن ہو اتنا ہی فائدہ ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت جہاں ملک کھڑا ہے سوائے قبل از وقت الیکشن کے کوئی چیز نظر نہیں آ رہی اور کوئی احمق ہے جو اسے جمہوریت کے خلاف کہہ رہا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملکی معیشت کا حال یہ ہے کہ وزیر خزانہ آج بستر پر پڑے ہیں ان پر کیسز ہیں جب کہ وزیر خارجہ کا اقامہ نکل آیا جو دبئی سے 50 ہزار درہم تنخواہ لے رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر ملک کو انتخابات کی طرف لے کر جائیں۔ عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس کے نظرثانی کے تفصیلی فیصلے میں عدالت نے کہہ دیا کہ انہوں نے سارے اداروں پر اپنے لوگ بٹھائے اور سابق چیرمین نیب کو عبرت ناک سزا دینی چاہیے کیوں کہ وہ قوم کے پیسے پر چیئرمین بنے اور انہوں نے ڈاکوؤں کا پیسہ بچانے کی پوری کوشش کی۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کر رہا ہے اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا نریندر مودی کی حکومت کا پلان ہے۔ بلوچستان سے کلبھوشن کا پکڑا جانا پلان کا منہ بولتا ثبوت ہے اسکے لیے ساری قوم کو متحد ہو کر فوج کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں