پیپلزپارٹی کا سینیٹ کی دونوں نشستوں پر مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دینے کا فیصلہ

 پیپلزپارٹی کا سینیٹ کی دونوں نشستوں پر مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دینے کا فیصلہ

لاہور: پیپلزپارٹی نے پنجاب میں سینیٹ کی دونوں نشستوں پر ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایوان بالا کی دو نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پارلیمانی جماعتوں نے  آپس میں رابطے تیز کردیے، حکومتی جماعت تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینے کے لیے اپوزیشن کی دو بڑی جماعتیں مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی نے ووٹ کو تقسیم ہونے سے بچا لیا۔

رپورٹ کے  مطابق پیپلزپارٹی نے پنجاب میں سینیٹ کی دونوں نشستوں پر(ن) لیگ کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹوزرداری کا پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔

حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی دونوں نشستوں پر (ن) لیگ کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے، ہمارا مقابلہ فاشسٹ جماعت سے ہے جن کا ساتھ نہیں دیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ (ن) لیگ کے ہارون اختر اور سعدیہ عباسی کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی پنجاب کی دو سینیٹ نشستوں پر  ضمنی انتخاب 15 نومبر کو ہوگا۔