ہسپتال کے بچہ وارڈ میں آتشزدگی ، 4 معصوم ہلاک 5 کی حالت نازک

ہسپتال کے بچہ وارڈ میں آتشزدگی ، 4 معصوم ہلاک 5 کی حالت نازک

بھوپال : بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ہسپتال کے زچہ بچہ وارڈ میں آگ لگنے سے چار نومولود ہلاک اور کئی معصوم جھلس گئے ۔ فائربریگیڈکے عملے نے دو گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا ۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست  مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں کملا نہرو ہسپتال میں پیش آیا ۔ ہسپتال کی تیسری منزل پر واقعہ زچہ بچہ وارڈ میں اچانک آگ لگ گئی ۔جس سے کئی وارڈوں  میں دھواں پھیل گیا  اور سب سے زیادہ متاثر بچہ وارڈ ہوا جس میں نومولود بچوں کو پیدائش کے بعد رکھا جاتا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وارڈ میں آگ لگنے کا پتہ تب چلا جب دھواں اٹھتا دکھائی دیا وارڈ کی تمام نرسز اور دیگر سٹاف اپنی جان بچا کر نکل گئے اور معصوم بچے بے یارومددگار وارڈ میں ہی رہ گئے ۔

فائربریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا لیکن تب تک 4 نومولود کی موت واقع ہوچکی تھی جبکہ پانچ کے قریب بچے آگ کی وجہ سے جھلس گئے جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تاہم مکمل تفتیش کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جا سکتا ہے۔ عملے کا بیان ریکارڈ کرکے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے افسوسناک واقعے میں ہلاک ہونے والوں بچوں کے لواحقین کے لیے فی کس 4 لاکھ روپے کی امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ 6 نومبر کو مہاراشٹر میں ایک اسپتال کے کورونا وارڈ میں آتشزدگی سے 11 مریض ہلاک  ہوگئے تھے جب کہ اس سے پہلے ممبئی کے ایک اسپتال میں آگ لگنے سے کورونا کے 13 مریض جل کر ہلاک ہوگئے۔