لاہور : لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ اس موقع پر پاکستان نیوی کے کمانڈر سنٹرل پنجاب، ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا۔
تقریب کے دوران، پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ مزارِ اقبال کے سامنے اپنے فرائض سے سبکدوش ہو کر رخصت ہو گیا، اور پاک بحریہ کا چاق و چوبند دستہ گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے مزارِ اقبال پر پہنچا۔
ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے مزار پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔ اس کے بعد، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی سویلینز کی جانب سے مزارِ اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
یاد رہے کہ علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ ان کے افکار اور شاعری نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں نوجوانوں کو جرات، حوصلہ اور قومی یکجہتی کا پیغام دیا۔ اقبال منزل میں آج بھی علامہ اقبال کی زیرِ استعمال رہنے والی اشیاء جیسے کرسی، میز، بیڈ اور حقہ موجود ہیں، جو ان کی شخصیت کی جھلک پیش کرتی ہیں۔
مزارِ اقبال پر ہونے والی اس پُروقار تقریب نے نہ صرف شاعرِ مشرق کی یاد کو تازہ کیا، بلکہ پاکستانی فوجی اداروں کے ساتھ عوامی سطح پر اقبال کے پیغام کو بھی مزید پھیلایا۔