اسلام آباد : یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عالمِ اسلام کے خلاف ایک منظم لڑائی جاری ہے اور اگر امتِ مسلمہ متحد نہ ہوئی تو تمام مسلمان انہی مصائب کا سامنا کریں گے جو فلسطین، غزہ اور کشمیر میں دیکھے جا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں کہا، "غزہ سے کشمیر تک ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، اللہ ہمیں ہمت دے کہ ہم غزہ، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے لڑ سکیں۔" انہوں نے زور دیا کہ اپنی اپنی ریاستیں بچانے کی فکر کے بجائے امتِ مسلمہ کو مشترکہ طور پر ان مسائل کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔
وزیرِ دفاع نے علامہ اقبال کو قوم کے محسن قرار دیتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال اور قائدِ اعظم کو زندہ قومیں یاد رکھتی ہیں اور جو قومیں اپنے محسنوں کو بھول جائیں وہ اپنی منزل کھو دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا کلام اردو اور فارسی دونوں زبانوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا اور قوم کو اقبال کے پیغام کو زندہ و جاوید بنانا ہوگا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ "بدقسمتی سے ہم شاعرِ مشرق کے پیغام کو بھلا بیٹھے ہیں۔ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا خواب دیکھا تھا—ان کی شاعری اور فلسفہ پہلے بھی دنیا میں چرچا رہے ہیں اور آج بھی ہیں۔" انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ اس وقت راہِ راست سے بھٹک گئی ہے اور متحد ہو کر ہی اسی صورتحال کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
تقریب کے دوران خواجہ آصف نے بتایا کہ وہ سیالکوٹ میں علامہ اقبال کی ولادت کے جشن میں شریک ہیں اور ان کے بزرگ بھی سیالکوٹ کے اسی محلے سے تعلق رکھتے ہیں جہاں علامہ اقبال رہتے تھے۔ وزیرِ دفاع نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو علامہ اقبال کے کلام کی تعبیر بننا چاہیے اور اقبال کے پیغام پر عمل کرنا ضروری ہے۔